کمٹہ،2 / جون (ایس او نیوز) ایک کنٹینر ٹرک کے اندر 23 مویشی ظالمانہ انداز میں رفت کرنے کے الزام میں کمٹہ پولیس کے اہلکاروں نے تین ملزمین کو گرفتار کرنے کے علاوہ مویشی سمیت ٹرک ضبط کر لیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بیلگاوی کیتور سے بھٹکل پہنچانے کے لئے 23 مویشی بھر کر لانے والے ٹرک کو ماستی کٹّے کے قریب روک لیا گیا ۔ جائزہ لینے پر ٹرک کے اندر 21 گائیں اور 2 بھینسے تھے ۔ جانوروں کے لئے ٹرک کے اندر پانی اور چارے کا انتظام بھی نہیں تھا اور انہیں ظالمانہ انداز میں لادا گیا تھا ۔
پولیس نے بتایا کہ ظاہری طور پر ایسا لگ رہا تھا کہ ان جانوروں کو ذبح کرنے کے مقصد سے رفت کیا جا رہا ہے ۔ اس وجہ سے کمٹہ پولیس انسپکٹر تیمپّا نائک کی رہنمائی کے مطابق کمٹہ پولیس سب انسپکٹر روی گُڈّی اور منجو ناتھ گوڈا کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ٹرک کے ڈرائیور سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت منڈیا کے رہائشی سید اسماعیل، ہاسن کے رہائشی محمد عتیق اور عرفان نور محمد کے طور پر کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ بھٹکل کے اس ضمن میں رہائشی عوف ابو محمد اور مورا باسط کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا ہے ۔
گرفتار شدہ ملزمین کو عدالت میں پیش کرنے کے علاوہ ضبط کیے گئے مویشیوں کو گئو شالا میں بھیج دیا گیا ۔